3 hours ago
پاکستان کے ساتھ کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے، بھارتی وزیر دفاع
Webdesk
|
28 Oct 2025
بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کسی بھی وقت بغیر پیشگی اطلاع کے جنگ چھڑ سکتی ہے۔
نئی دہلی میں دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ رواں سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آنے والا واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کشیدگی کسی بھی وقت اچانک بڑھ سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ "ہمیں ہر لمحہ تیار رہنا ہوگا، کیونکہ اب کسی بھی وقت جنگ شروع ہو سکتی ہے۔"
یہ پہلا موقع ہے کہ انڈین وزیرِ دفاع نے کھل کر پاکستان کے ساتھ اچانک جنگ کے امکان کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل وہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ “آپریشن سندور” ختم نہیں بلکہ معطل کیا گیا ہے۔
ادھر بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے بعد لائن آف کنٹرول کے قریب واقع علاقوں میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔ پونچھ اور کرناہ سمیت سرحدی بستیوں میں لوگ دوبارہ اپنے بنکرز صاف کرنے اور اشیائے ضرورت جمع کرنے میں مصروف ہیں۔
پونچھ کے رہائشی محمد حسین کھٹانہ نے بتایا، "مئی کی جنگ کے دوران ہم نے وہ سب دیکھا جو صرف اپنے بڑوں سے سنا تھا۔ اب دوبارہ جنگ کی باتیں سن کر کئی خاندان نقل مکانی کی تیاری کر رہے ہیں۔"
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں پونچھ میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گریز ویلی سے سینکڑوں لوگ محفوظ مقامات کی طرف ہجرت پر مجبور ہوئے تھے۔
انڈین حکومت نے کئی برس قبل سرحدی علاقوں میں گیارہ ہزار بنکرز بنانے کا منصوبہ شروع کیا تھا، جس پر اب تیزی سے کام جاری ہے۔ تاہم مقامی شہری سید کوثر سلام کے مطابق، "بنکر بننے کا مطلب محفوظ ہونا نہیں، کیونکہ کئی لوگ اپنے بنکر کے قریب ہی گولہ گرنے سے مارے گئے تھے۔"
Comments
0 comment