سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں عید الاضحی، مسجد الاقصی کے در و دیوار تکبیرات سے گونج اٹھے
ویب ڈیسک
|
16 Jun 2024
سعودی عرب، امریکا، کینیڈا، برطانیہ، یورپ ، خلیجی ممالک سمیت دیگر میں آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الاضحی منائی جارہی ہے۔
عید الاضحی کا آغاز نماز عید کی ادائیگی کے بعد ہوا جس کے بعد استطاعت رکھنے والے فرزندان توحید نے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کیے۔
مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ ، مسجد الاقصی میں نماز کے اجتماعات ہوئے، جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بالخصوص فلسطین میں جاری ظلم و ستم کے خاتمے کی دعا کی۔
مشرق وسطیٰ بشمول سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عمان، اردن، شام اور عراق کے علاوہ برطانیہ، امریکا اور کینیڈا میں بھی عیدالاضحیٰ انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔
قربانی کرنے والے مسلمانوں میں سے بیشتر نے سنت کے مطابق اپنے جانور کی کلیجی کھا کر ناشتہ کیا جبکہ اُس کے بعد نت نئے اور روایتی پکوان بھی تیار کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد الاقصی مین نماز کی ادائیگی سے قبل لاٹھی چارج اور فلسطینیوں پر تشدد بھی کیا گیا تاہم اُس کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی اور تکبیرات پڑھ کر اللہ کی حمد و ثنا و تسبیح بیان کی۔
Comments
0 comment