2 hours ago
سڈنی فائرنگ واقعہ: حملہ آور کو قابو کرنے والے ہیرو کو امریکی تاجر کا 65 ہزار ڈالر کا انعام
ویب ڈیسک
|
15 Dec 2025
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے دوران حملہ آور کو قابو میں کرنے والے 43 سالہ احمد الٰاحمد کی جرات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں ایک امریکی تاجر نے احمد الٰاحمد کے لیے 65 ہزار امریکی ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
یہ مالی امداد امریکا میں اسکوائر کیپیٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم ایک مین کی جانب سے کی گئی، جنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں احمد الٰاحمد کو ہیرو قرار دیا۔
ان کے مطابق احمد کی بروقت کارروائی نے کئی قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد احمد الٰاحمد کو آسٹریلیا بھر میں ہیرو کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ وہ اس وقت زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی مدد کے لیے آن لائن چندہ مہم بھی شروع کی گئی ہے، جس کے ذریعے اب تک تقریباً 10 لاکھ ڈالر جمع کیے جا چکے ہیں۔
عوامی عطیات کے لیے استعمال ہونے والی ویب سائٹ گو فنڈ می پر اس مہم کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے، جہاں لوگ مشکل حالات میں پھنسے افراد کے لیے مالی معاونت فراہم کرتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اس ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں احمد الٰاحمد کو مسلح حملہ آور پر جھپٹتے، اس سے بندوق چھینتے اور پھر اسی پر تانتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
احمد کے اہلِ خانہ نے سیون نیوز آسٹریلیا کو بتایا ہے کہ وہ پیشے کے لحاظ سے پھل فروش ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔ واقعے کے دوران انہیں بازو اور ہاتھ پر گولیاں لگیں، جس کے بعد اسپتال میں ان کی سرجری کی گئی۔ اس وقت ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب نیو ساؤتھ ویلز کے پریمیئر کرس منز نے اسپتال میں احمد الٰاحمد کی عیادت کے دوران ان کی غیر معمولی جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احمد حقیقی معنوں میں ایک ہیرو ہیں، جن کی بے مثال بہادری نے خود کو خطرے میں ڈال کر ایک دہشت گرد کو غیر مسلح کیا اور متعدد جانیں بچائیں۔
Comments
0 comment