2 hours ago
سڈنی حملہ روکنے والے ہیرو کیلیے 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ ڈالر جمع
ویب ڈیسک
|
15 Dec 2025
سڈنی کے بونڈی بیچ میں فائرنگ کے واقعے کے دوران حملہ آور کو قابو کرنے والے احمد الٰاحمد کے لیے عوامی حمایت کا زبردست مظاہرہ سامنے آیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آن لائن چندہ مہم کے ذریعے واقعے کے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں تقریباً 9 لاکھ 75 ہزار آسٹریلوی ڈالر جمع کر لیے گئے ہیں۔
43 سالہ احمد الٰاحمد بونڈی بیچ کے قریب پھلوں کی دکان چلاتے اور دو بچے کے والد ہیں جنہوں نے فائرنگ کے دوران غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک حملہ آور پر پیچھے سے جھپٹ کر اس کے ہاتھ سے رائفل چھین لی تھی۔ وہ اس وقت زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
احمد الٰاحمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوبارہ ایسی صورتحال پیش آئے تو وہ پھر بھی یہی قدم اٹھائیں گے، کیونکہ ان کے نزدیک انسانوں کی جان بچانا سب سے بڑی ترجیح ہے۔
اتوار کی رات سامنے آنے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ احمد خاموشی سے مسلح شخص کے قریب پہنچتے ہیں، اس پر حملہ کرتے ہیں اور کشتی کے بعد اس سے اسلحہ چھین لیتے ہیں۔
بعد ازاں وہ رائفل حملہ آور کی طرف تانتے ہیں، تاہم فائر نہیں کرتے۔ اسی دوران ہونے والی فائرنگ میں وہ خود بھی زخمی ہو گئے۔
عوامی سطح پر احمد الٰاحمد کی اس جرات مندانہ کارروائی کو غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔ جمع ہونے والی رقم کو ان کے علاج اور خاندان کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
Comments
0 comment