5 hours ago
سیز فائر کی کھلی خلاف ورزی، اسرائیلی حملوں میں کئی فلسطینی شہید
ویب ڈیسک
|
29 Oct 2025
اسرائیلی فوج نے منگل کے روز غزہ کے مختلف علاقوں پر فضائی اور زمینی حملے کیے جن میں کم از کم 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔ یہ حملے اس وقت کیے گئے جب وزیرِ اعظم بین یامین نیتن یاہو نے جنوبی رفح میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کے بعد “طاقتور جوابی کارروائی” کا حکم دیا۔
اسرائیلی میزائلوں نے شمالی غزہ کے صبرا محلے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جب کہ جنوبی خان یونس میں کیے گئے علیحدہ حملوں میں مزید پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق بمباری کے بعد کے مناظر انتہائی دلخراش تھے۔ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، اور ایک راکٹ الشِفا اسپتال کے قریب گرا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق، اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود مختلف بہانوں کے تحت کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اس ماہ کے آغاز میں عالمی رہنماؤں کے امن معاہدے کے بعد سے اب تک 94 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
یہ حملے اکتوبر 10 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے تشدد کی سب سے بڑی لہر قرار دیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جارحیت جاری رکھی تو غزہ میں باقی 13 اسرائیلی قیدیوں کی لاشوں کی بازیابی کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
ادھر واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ جنگ بندی اب بھی برقرار ہے، اگرچہ علاقے میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا، “یہ ضروری نہیں کہ چھوٹی موٹی جھڑپیں نہ ہوں۔ ہمیں معلوم ہے کہ غزہ میں کسی گروپ نے ایک اسرائیلی فوجی پر حملہ کیا، اور اسرائیل کا ردِعمل متوقع تھا۔ تاہم صدر کا امن منصوبہ برقرار رہے گا۔”
البتہ حماس نے رفح واقعے میں کسی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
Comments
0 comment