14 hours ago
ٹرمپ نے بھارت کو بڑا دھچکا دے دیا، اربوں کی سرمایہ کاری ڈوبنے کا خدشہ

ویب ڈیسک
|
15 May 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کے سی ای او ٹم کوک کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت میں آئی فون کی پیداوار بند کریں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایپل بھارت میں مینوفیکچرنگ جاری رکھتا ہے تو امریکا بھارت پر اضافی ٹیرف عائد کر دے گا، جس سے ایپل کے لیے وہاں کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ "بھارت دنیا کے سب سے زیادہ درآمدی ٹیرف لگانے والے ممالک میں سے ایک ہے، اگر ایپل بھارت میں پیداوار جاری رکھتا ہے، تو ہم بھارت پر اضافی ٹیرف لگا دیں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ "میں نے ٹم کوک سے کہا ہے کہ وہ امریکا میں پیداوار کو ترجیح دیں۔"
ٹرمپ کے مطابق، بھارتی حکومت نے امریکا کو ایک معاہدہ پیش کیا ہے جس میں درآمدی ٹیرف میں کمی شامل ہے، لیکن وہ ایک جامع تجارتی معاہدہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے ایپل پر زور دیا کہ وہ چین اور بھارت کی بجائے امریکا میں پیداواری مراکز قائم کرے۔
ایپل فی الحال اپنے زیادہ تر آئی فونز چین میں تیار کررہا ہے جبکہ بھارت میں سالانہ 4 کروڑ (40 ملین) آئی فون تیار ہوتے ہیں، جو ایپل کی کل پیداوار کا کُل 20 فیصد ہیں۔
امریکا میں اسمارٹ فون کی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ ایپل نے گھریلو سطح پر 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
ٹیک اینالیسٹ ترون پاٹک کے مطابق "ٹرمپ کا یہ حربہ نیا نہیں، وہ ایپل پر امریکا میں سپلائی چین بنانے کا دباؤ ڈال رہے ہیں، امریکا میں پیداوار بھارت کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہوگی۔"
انہوں نے کہا کہ "ایپل کی سپلائی چین انتہائی پیچیدہ ہے، اسے یکدم تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوگا‘‘۔
کووڈ-19 کے بعد ایپل چین سے اپنی پیداوار کم کر رہا ہے، جس کے بعد بھارت ایک اہم پیداواری مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ تاہم، ٹرمپ کی جانب سے دباؤ کے بعد ایپل کو ایک نئی حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہوگی۔
Comments
0 comment