20 hours ago
یمن حملے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان شدید کشیدگی، ٹرمپ کی تہران کو سنگین دھمکی

ویب ڈیسک
|
18 Mar 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن میں حوثی باغیوں کے جوابی حملوں کے بعد ایران کو سخت تنبیہ کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے کسی بھی قسم کے حملے یا ردعمل کو ایران کی طرف سے سمجھا جائے گا، اور اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد یمن میں صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی نے امریکی حملوں کے خلاف ملین مارچ کی کال دی ہے۔
دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے ریلیاں نکالیں اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرا کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
صنعا سے خبر ایجنسیوں کے مطابق، مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ان کے خلاف سخت نعرے لگائے۔ یہ مظاہرے یمن میں امریکی مداخلت کے خلاف بڑھتے ہوئے غم و غصے کی عکاسی کرتے ہیں۔
یمن میں جاری تنازعہ اور امریکہ کی جانب سے تازہ کارروائیوں نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ایران اور حوثیوں کے درمیان تعلقات کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے دھمکیاں اس تناؤ کو اور بڑھا سکتی ہیں۔
Comments
0 comment