2 hours ago
300 سال پہلے ڈوبنے والے جہاز سے سونا برآمد، پہلی کھیپ نکال لی گئی
ویب ڈیسک
|
25 Nov 2025
بحیرہ کریبیئن کی گہرائیوں میں 300 سال پہلے غرقیاب ہونے والے ہسپانوی جنگی جہاز سان خوزے سے خزانے کی پہلی کھیپ نکال لی گئی ہے۔
اندازوں کے مطابق اس جہاز کے ملبے میں موجود سونے اور چاندی کے تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ سکے 20 ارب ڈالر مالیت کے ہیں۔
یہ جہاز 64 توپوں سے لیس تھا جو 1708 میں برطانوی بحریہ کے حملے کے بعد کولمبیا کے ساحل کے قریب غرق ہوگیا تھا۔
کولمبیا کی جانب سے اس تاریخی ملبے کی بازیابی کا جاری مشن اب پہلی بار اس خزانے سے چند اہم نوادرات نکالنے میں کامیاب ہوا ہے۔ ان میں ایک توپ، تین قدیم سکے اور پورسلین کے برتن شامل ہیں۔
سان خوزے کا ملبہ تقریباً 600 میٹر کی گہرائی میں موجود ہے، تاہم اس کی اصل جگہ کو حکومت نے خفیہ رکھا ہوا ہے۔ اس خزانے کی ملکیت پر کولمبیا، اسپین اور امریکا کے درمیان شدید قانونی تنازع جاری ہے۔
امریکی کمپنی سی سرچ آرمادا کا دعویٰ ہے کہ اس نے 1982 میں اس جہاز کا سراغ لگایا تھا، اور اسی بنیاد پر وہ تقریباً 10 ارب ڈالر — یعنی مجموعی خزانے کا نصف حصہ — اپنے حق میں مانگ رہی ہے۔
اس تاریخی دریافت نے صدیوں پرانے خزانے کی ملکیت اور قانونی حقوق سے متعلق عالمی بحث کو ایک بار پھر تیز کر دیا ہے۔
Comments
0 comment