6 hours ago
چڑیا گھر کے جانوروں کی فوری طور پر افزائش روکنے کا فیصلہ
ویب ڈیسک
|
22 Dec 2025
سندھ حکومت نے جانوروں اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کراچی چڑیا گھر میں بڑے جنگلی جانوروں، خصوصاً شیروں اور دیگر بگ کیٹس کی افزائش فوری طور پر روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اتوار کو جاری بیان کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایت کی کہ چڑیا گھر کی حدود میں بڑے جانوروں کی افزائش بند کی جائے۔
یہ فیصلہ کے ایم سی، کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں جنگلی اور نایاب جانوروں کے تحفظ، ان سے بدسلوکی کی روک تھام اور چڑیا گھر میں موجود سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی چڑیا گھر میں ایک مادہ شیر کے ہاں تین بچوں کی پیدائش کو ابتدا میں خوش آئند قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں چڑیا گھر میں ناکافی سہولیات اور جانوروں کی دیکھ بھال پر سوالات اٹھنے لگے، جس پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت جنگلی حیات کے تحفظ اور جانوروں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے اور نایاب جانوروں کی بے قابو افزائش ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کر رہی ہے، جن سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کے ایم سی اور کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ جانوروں کی افزائش روکنے کے ساتھ ساتھ ماہرینِ جنگلی حیات کی مشاورت سے ایک جامع اور وقت سے مشروط منصوبہ تیار کیا جائے۔
چیف سیکریٹری نے زور دیا کہ تمام اقدامات کا بنیادی مقصد جانوروں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے ساتھ مناسب اور انسانی سلوک کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔
Comments
0 comment