مردہ ماں کا حلیہ بناکر شہری 2 سال تک پنشن وصول کرتا رہا

مردہ ماں کا حلیہ بناکر شہری 2 سال تک پنشن وصول کرتا رہا

واقعہ اٹلی میں پیش آیا، شہری کیسے پکڑا گیا، دلچسپ حقیقت سامنے آگئی
مردہ ماں کا حلیہ بناکر شہری 2 سال تک پنشن وصول کرتا رہا

ویب ڈیسک

|

26 Nov 2025

اٹلی کے شہر مانٹوا کے قریب واقع قصبے بورگو ویرجیلیو میں پولیس نے ایک 56 سالہ شخص کے خلاف حیران کن کارروائی شروع کردی ہے، جو مبینہ طور پر اپنی ماں کے مرنے کے بعد اُن کا حلیہ ڈھال کر پنشن وصول کررہا تھا۔

تحقیقات کے مطابق مذکورہ شخص کی والدہ 2022 میں انتقال کر گئی تھیں، تاہم بیٹے نے حکام کو اطلاع دینے کے بجائے اس کی لاش گھر میں ہی چھپا دی اور باقاعدگی سے پنشن نکالتا رہا۔

معاملہ اس وقت بے نقاب ہوا جب رواں ماہ وہ شخص اپنی ماں کا روپ دھار کر مقامی کونسل آفس پہنچا تاکہ اس کی شناختی کارڈ کی تجدید کروا سکے۔

عملے نے اس کی حرکات و سکنات مشکوک سمجھتے ہوئے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور اصل شناختی کارڈ کی تصویر کا موازنہ کیا، جس کے بعد گھر پر چھاپہ مارا گیا تو لاش کو لانڈری روم میں چھپایا ہوا پایا گیا۔

مقامی میئر فرانچسکو اپورتی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم دفتر میں ایسے داخل ہوا جیسے کوئی معمر خاتون ہو — چہرے پر لپ اسٹک، ہاتھوں پر نیل پالش، گردن میں زیور اور سر پر چھوٹا ڈارک رنگ کا وِگ۔

انہوں نے بتایا کہ "خاتون جیسی آواز نکالنے کی کوشش بھی کی، مگر کہیں کہیں مردانہ لہجہ صاف سنائی دے رہا تھا"۔

عملے نے اس کے موٹی گردن، جھریوں اور 85 سالہ عورت سے میل نہ کھاتے ہاتھوں کو دیکھ کر شک کیا۔

اطالوی میڈیا کے مطابق ملزم ماضی میں نرس کے طور پر کام کر چکا ہے اور وہ اپنی ماں کی پنشن کے ساتھ کچھ جائیدادوں کی آمدنی پر گزر بسر کر رہا تھا۔

پولیس کیس کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور اس پر فراڈ، شناخت میں جعل سازی اور لاش کو چھپانے جیسے سنگین الزامات عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!