9 hours ago
ایمان، محبت اور آرٹ کی مہارت، دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا گیا قرآن مجید
ویب ڈیسک
|
5 Nov 2025
عراق سے تعلق رکھنے والے سنار علی زمان نے ترکیہ میں 6 سال کی محنت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا گیا قرآنِ پاک مکمل کر لیا ہے۔
اس عظیم نسخے کے ہر صفحے کی لمبائی 4 میٹر اور چوڑائی ڈیڑھ میٹر ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق 1971 میں سلیمانیہ (عراق) میں پیدا ہونے والے علی زمان بچپن سے ہی اسلامی خطاطی کے شوقین تھے۔ وہ پہلے سنار (سونا چاندی کے کام) کا پیشہ کرتے تھے، مگر 2013 میں یہ کام چھوڑ کر مکمل طور پر خطاطی کے فن کو اپنا لیا۔
2017 میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ استنبول منتقل ہوئے تاکہ اپنے خواب — دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پر کام شروع کر سکیں۔
انہوں نے استنبول کی ایک مسجد کے چھوٹے سے کمرے میں روزانہ کئی کئی گھنٹے بیٹھ کر روایتی قلم (ریڈ پین) سے قرآنی آیات لکھیں۔
یہ منصوبہ مکمل طور پر خود ان کے خرچ پر مکمل ہوا۔ 2023 میں صحت کے مسائل کی وجہ سے انہیں کچھ وقفہ لینا پڑا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ آخرکار 6 سال بعد ان کی یہ روحانی اور تخلیقی محنت کامیاب ہوگئی۔
علی زمان کا یہ قرآنِ پاک اس سے پہلے موجود سب سے بڑے قرآنی نسخے سے بھی بڑا ہے، جو 2.28 میٹر لمبا اور 1.55 میٹر چوڑا تھا۔
علی زمان کو شام، ملائیشیا، عراق اور ترکیہ میں خطاطی کے کئی بین الاقوامی ایوارڈز مل چکے ہیں۔
2017 میں انہیں ترکیہ کے "انٹرنیشنل Hilye-i Serif" مقابلے میں صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی اعزاز بھی دیا تھا۔
علی زمان کا کہنا ہے کہ قرآنِ پاک کو اپنے ہاتھوں سے اس قدر بڑے پیمانے پر لکھنا میرے لیے زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ یہ کام صرف ہاتھ سے نہیں بلکہ دل سے کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ان کا خاندان چاہتا ہے کہ اس تاریخی قرآن کو ترکیہ میں ہی محفوظ رکھا جائے تاکہ یہ اسلامی فنِ خطاطی کی شاندار روایت کو ہمیشہ زندہ رکھے۔
Comments
0 comment