رمضان میں گیس لوڈشیڈنگ شیڈول ، آفیشل ویب سائٹ اور ایپ غیر فعال
Webdesk
|
18 Feb 2026
کراچی: شہر قائد سمیت صوبے بھر کے صارفین کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
تاہم یہ شیڈول صرف اخبارات کے ذریعے مشتہر کیا گیا، جبکہ کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور موبائل ایپلی کیشن پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، جس پر صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
صارفین نے کہا ہے کہ جدید دور میں جب بیشتر سرکاری و نجی ادارے اپنی ڈیجیٹل موجودگی کو موثر بنا رہے ہیں، وہاں گیس کمپنی کے آفیشل سوشل میڈیا اکائونٹس فیس بک اور ایکس (ٹوئٹر)برسوں سے غیر فعال دکھائی دیتے ہیں۔
اسی طرح موبائل ایپلی کیشن میں نہ تو لوڈشیڈنگ سے متعلق بروقت معلومات دستیاب ہیں اور نہ ہی بلوں کی ادائیگی کا مربوط اور اپ ڈیٹ نظام فعال کیا گیا ہے۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر کمپنی مالی خسارے کا شکار نہیں تو پھر صارفین کو سہولیات کی فراہمی میں اس قدر غفلت کیوں برتی جا رہی ہے؟ بعض حلقوں کی جانب سے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کیا ادارے کو دیگر سرکاری اداروں کی طرح نجکاری کی طرف تو نہیں لے جایا جا رہا۔
صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی اپنی ڈیجیٹل سروسز کو فوری طور پر فعال کرے، نااہل عملے کے بجائے قابل اور پیشہ ور افراد کو ذمہ داریاں سونپی جائیں اور رمضان جیسے بابرکت مہینے میں گیس کی فراہمی اور معلومات کی ترسیل کو شفاف اور منظم بنایا جائے تاکہ عوام کو سحری و افطاری کے اوقات میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Comments
0 comment