آبادی میں اضافے کیلئے ہفتے میں 3دن چھٹی کا منصوبہ
Webdesk
|
12 Dec 2024
ملک میں کم شرح پیدائش کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی شہری حکومت نے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے، جس کے تحت ملازمین کو ہفتے میں صرف 4 دن کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکے کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ آئندہ سال اپریل سے میٹروپولیٹن حکومت کے ملازمین کو ہفتے میں تین دن چھٹی کا اختیار دیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم کام کے طریقے کا جائزہ لیں گے اور اسے تبدیل کریں گے تاکہ کوئی بھی زندگی کے اہم مواقع، جیسے بچوں کی پیدائش یا ان کی دیکھ بھال کے باعث اپنا کریئر نہ چھوڑے ۔
جاپان میں شرح پیدائش کو بڑھانے کے لیے یہ اقدام اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جاپان کی وزارت صحت، محنت و فلاح و بہبود کے مطابق، گزشتہ سال جاپان میں فرٹیلٹی ریٹ1.2 رہا جو آبادی کے استحکام کے لیے مطلوبہ کم از کم 2.1 فرٹیلٹی ریٹ سے بہت کم ہے۔
ٹوکیو کی حکومت نے ایک اور منصوبے کا بھی اعلان کیا جس کے تحت اسکول کی ابتدائی جماعتوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین اپنے کام کے اوقات کو کم کروا سکتے ہیں، لیکن اس کے بدلے ان کی تنخواہ میں کمی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جاپان میں صرف 7 لاکھ 27 ہزار 277 بچوں کی پیدائش کا اندراج کیا گیا، جو وزارت صحت، محنت و فلاح و بہبود کے اعداد و شمار کے مطابق کم شرح پیدائش کی علامت ہے۔
Comments
0 comment