شیر افضل مروت کوٹ لکھپت جیل منتقل
ویب ڈیسک
|
14 Dec 2023
پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بعد کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر سے شیر افضل مروت کو حراست میں لے کر تھانہ مزنگ منتقل کیا جس کے بعد انہیں ایم پی او کے تحت باقاعدہ گرفتار کر کے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے شیر افضل مروت کی ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے جس پر پولیس نے عمل کیا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کے بعد احکامات جاری کیے گئے یا پھر ڈپٹی کمشنر نے حکم پہلے ہی جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت لاہور ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب کر کے باہر نکلے تو انہیں عدالت کے دروازے پر ہی پولیس نے حراست میں لیا تاہم گرفتاری کی وجہ سامنے نہیں آئی تھی۔ پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق شیر افضل مروت کو تحریک انصاف وکلا ونگ نے لاہور ہائی کورٹ بار میں خطاب کی دعوت دے رکھی تھی۔ جس سے شیر افضل مروت نے خطاب بھی کیا اور پھر اسی دوران عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ شیر افضل مروت لاہور ہائیکورٹ کے جی پی او گیٹ سے وکلا کے ہمراہ باہر نکلے تو انہیں اینٹی رائٹس فورس کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر حراست میں لیا۔ اس دوران وکلا نے مزاحمت کی کوشش کی جسے اہلکاروں نے ناکام بنایا اور انہیں حراست میں لے کر چلی گئی تھی۔
Comments
0 comment