5 hours ago
سال 2025 کے دوران کس موبائل کا چرچا رہا ؟
Webdesk
|
29 Dec 2025
کراچی: سال 2025 کے دوران کمپنیز نے جدید ترین اسمارٹ فونز پیش کیے جن کا مقصد صارفین کی توجہ حاصل کرنا تھا۔
اسمارٹ فون کی دنیا میں برسوں سے Galaxy اور iPhone کو برتری حاصل رہی ہے، مگر 2025 میں یہ تاثر خاصا بدلتا دکھائی دیا۔
اس سال چینی برانڈز نے نہ صرف اس مقابلے میں قدم جمایا بلکہ کئی شعبوں میں ایپل اور سام سنگ کو سخت چیلنج دے ڈالا۔ Xiaomi، Oppo اور Honor جیسے نام اب متبادل نہیں رہے بلکہ ٹاپ کیٹیگری کے مضبوط کھلاڑی بن چکے ہیں۔
ٹیک ماہرین کے مطابق رواں برس کے چند نمایاں اسمارٹ فونز نے ڈیزائن، کارکردگی، بیٹری اور کیمرا کے میدان میں نئے معیار قائم کیے، جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
ہانر میجک وی فائیو:
فولڈیبل فونز کے شعبے میں Honor Magic V5 کو 2025 کے بہترین ماڈلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ انتہائی پتلا اور ہلکا ڈیزائن، پریمیم مٹیریل اور مضبوط ہنچ اس فون کو منفرد بناتے ہیں۔ اس میں IP58 اور IP59 لیول کی انگریس پروٹیکشن دی گئی ہے، جو فولڈیبل کیٹیگری میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ دونوں اسکرینز بڑی، تیز اور فیچرز سے بھرپور ہیں، جن میں اسٹائلس سپورٹ اور Dolby Vision سرٹیفیکیشن شامل ہے، جبکہ طاقتور اسٹیریو اسپیکرز ملٹی میڈیا کے تجربے کو مزید بہتر بنا دیتے ہیں۔
ایپل آئی فون پرو 17:
ایپل نے iPhone 17 Pro Max میں ایلومینیم باڈی متعارف کرا کر ایک بڑا مگر متنازع فیصلہ کیا۔ اس تبدیلی سے وزن اور حرارت کے مسائل تو کسی حد تک قابو میں آئے، تاہم فون کی مضبوطی متاثر ہوئی اور خراشیں پڑنے کا امکان بڑھ گیا۔ پشت پر شیشے اور دھات کا امتزاج اور نئے رنگوں کا انتخاب بھی صارفین کی توقعات پر پورا نہ اتر سکا، جس کے باعث یہ ماڈل حالیہ برسوں کے کم پسند کیے جانے والے آئی فونز میں شمار ہو رہا ہے۔
شیاؤمی 15 الٹرا:
اس فہرست میں Xiaomi 15 Ultra کو ایک مکمل اور شاندار ڈیوائس قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کا منفرد اور پہچان رکھنے والا ڈیزائن توجہ کھینچتا ہے، جبکہ اس میں شامل p1440 LTPO OLED ڈسپلے، 12 بٹ کلر ڈیپتھ، 120 ہرٹز ڈائنامک ریفریش ریٹ اور Dolby Vision سپورٹ ویژول تجربے کو غیر معمولی بنا دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے اس سال کے بہترین ڈسپلے والے فونز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
سام سنگ گلیکسی:
گلیکسی سیریز کا الٹرا ماڈل ہمیشہ غیر معمولی توقعات کے ساتھ آتا ہے، مگر S25 Ultra وہ اثر قائم نہ کر سکا جس کی امید کی جا رہی تھی۔ اس کے باوجود یہ ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد فون ہے۔ نسبتاً چھوٹی بیٹری کے باوجود بیٹری ٹائمنگ بہتر ہے، ڈسپلے زیادہ تر حالات میں بہترین کارکردگی دکھاتا ہے اور مناسب حالات میں چارجنگ اسپیڈ بھی معقول رہتی ہے۔ باڈی کوالٹی میں بہتری ضرور آئی ہے، اور اسٹائلس کے شوقین صارفین کے لیے یہ اب بھی واحد نمایاں انتخاب ہے۔
اوپو فائنڈ:
اوپو فائنڈ این فائیو Oppo Find N5 جدید فولڈیبل ٹیکنالوجی کی ایک جھلک پیش کرتا ہے۔ اس میں جدید Snapdragon 8 Elite چِپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے، جبکہ نہایت پتلے ڈیزائن کے باوجود بڑی Si/C بیٹری اور مضبوط ہنچ سسٹم شامل کیا گیا ہے، جو اسکرین کی شکن کو تقریباً غیر محسوس بنا دیتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ Oppo نے اس بار ایک متوازن اور طاقتور کیمرا سیٹ اپ بھی فراہم کیا ہے، جو اسے فولڈیبل کیٹیگری میں ایک مکمل پیکج بناتا ہے۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو 2025 اسمارٹ فون مارکیٹ کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوا، جہاں مقابلہ صرف ایپل اور سام سنگ تک محدود نہیں رہا۔ چینی برانڈز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، جرات مندانہ ڈیزائن اور مضبوط فیچرز کے ساتھ وہ عالمی سطح پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں
Comments
0 comment