ایپل کے آئی فون 16 کی فروخت اور استعمال پر پابندی
Webdesk
|
29 Oct 2024
جکارتہ : انڈونیشیا کی حکومت نے ملک بھر میں ایپل کے آئی فون 16 کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انڈونیشین حکومت نے حال ہی میں آئی فون 16 کے ماڈلز اور اس موسم خزاں میں ریلیز ہونے والی ایپل واچ سیریز 10 جیسی دیگر ایپل مصنوعات کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔
یہ پابندی اس وجہ سے لگائی گئی ہے کہ ایپل نے ملک میں اپنی سرمایہ کاری کے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ یہ پابندی نہ صرف آئی فون 16 کے فروخت پر اثر انداز ہوئی ہے بلکہ یہ پہلے سے فروخت ہونے والے یونٹس پر بھی لاگو ہوتی ہے جس سے سیاحوں کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
انڈونیشیا کے وزیرِ صنعت گومیوانگ کارتاساسمیتا نے کہا کہ اگر انڈونیشیا میں کوئی آئی فون 16 چل رہا ہے تو میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ ڈیوائس غیر قانونی ہے۔ براہ کرم ہمیں رپورٹ کریں۔
وزیر کارتاساسمیتا نے مزید کہا کہ وزارت صنعت ابھی آئی فون 16 کے لیے اجازت نامے جاری نہیں کر سکتی کیونکہ ایپل کو ابھی بھی کچھ وعدے پورے کرنے ہیں۔
اس پابندی کے ذریعے انڈونیشیا ایپل پر زور دینا چاہتا ہے کہ وہ اپنے سرمایہ کاری کے کیے گئے وعدے پورے کرے۔
Comments
0 comment