اداکار وسیم عباس نے صبا حمید سے طلاق کی تصدیق کردی

اداکار وسیم عباس نے صبا حمید سے طلاق کی تصدیق کردی

وسیم عباس نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی یہ دوسری شادی 29 سال تک چلی
اداکار وسیم عباس نے صبا حمید سے طلاق کی تصدیق کردی

Webdesk

|

8 Jul 2026

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اداکارہ صبا حمید سے اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کئی برس پہلے ہی الگ ہو چکے تھے، جبکہ قانونی طور پر ان کی شادی 29 سال بعد ختم ہوئی۔

شوبز کی دنیا میں وسیم عباس اور صبا حمید کو ایک بہترین اور مضبوط جوڑی مانا جاتا تھا اور لوگ اسکرین پر اور عام زندگی میں بھی ان کے انداز اور اداکاری کو پسند کرتے تھے، لیکن اب وسیم عباس نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ دونوں کئی سالوں سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے۔

وسیم عباس نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی یہ دوسری شادی 29 سال تک چلی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں پچھلے 14 سال سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ الگ ہونے کے باوجود انہوں نے ایک ساتھ کام بھی کیا۔

دونوں کے درمیان تعلقات خوشگوار رہے اور کبھی کبھار دوستوں کی طرح باہر کھانا کھانے بھی جاتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آگے بھی انہیں کسی ڈرامے میں ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کریں گے اور ان کے دل میں ایک دوسرے کے لیے کوئی برائی یا رنجش نہیں ہے۔

طلاق کے بعد کے احساسات پر بات کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ مجھے اس طلاق سے بالکل بھی دکھ نہیں ہوا کیونکہ ہمارے درمیان اب وہ جذبات ہی نہیں بچے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان دونوں کی آپس میں کوئی اولاد بھی نہیں ہے۔وسیم عباس نے مزید کہا کہ ان کے صباحمید کے گھر والوں کے ساتھ انتہائی خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔

وسیم عباس کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ محبت سے زیادہ عزت کو اہمیت دی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ فیصلہ بالکل صحیح تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ ان دونوں نے کبھی بھی میڈیا یا عوام میں ایک دوسرے کے خلاف کوئی بری بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہا۔

دوسری شادی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنی اس دوسری شادی کو کوئی بہت بڑی غلطی تو نہیں کہتا، کیونکہ مجھے اسوقت یہ فیصلہ بہت اچھا لگتا تھا مگر اگر آج میں پیچھے مڑ کر دیکھوں تو شاید یہ ایک غلطی ہی تھی اور مجھے اس رشتے کے ختم ہونے کا رتی بھر بھی افسوس نہیں ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!