4 hours ago
کبھی تکبر نہیں کیا مگر۔۔ عاطف اسلم نے ہر پروگرام نہ کرنے کی وجہ بتادی
ویب ڈیسک
|
22 Nov 2025
پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے حالیہ گفتگو میں انٹرویو کے لیے معاوضہ لینے کی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب اپنے کیریئر کے ایسے مقام پر ہیں جہاں ہر پلیٹ فارم پر جانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔
ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ تاثر دیتا ہے کہ وہ انٹرویو کے بدلے بھاری رقم وصول کرتے ہیں تو اس کا اصل مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ شخص انہیں اپنے شو میں دیکھنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ لوگ اس کی بات پر دھیان دیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے انہیں جس مقام اور عزت سے نوازا ہے، اس کے بعد وہ غیر ضروری بحثوں میں پڑنا مناسب نہیں سمجھتا۔
ان کے مطابق مصروفیات کے باعث اگر وہ کسی پروگرام میں شرکت نہ کر پائیں تو مختلف باتیں کی جاتی ہیں، لیکن وہ ہر اعتراض کا جواب دینے کے پابند نہیں۔ عاطف اسلم نے یہ بھی کہا کہ لوگ اس وقت تک اچھے رہتے ہیں جب تک ان کا مفاد جڑا ہو، ورنہ رویے بدل جاتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ کبھی تکبر کا نہیں، کیونکہ تکبر انسان پر جچتا ہی نہیں۔ اپنی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے نوجوانی میں ہی بڑے اہداف حاصل کرنے کا ہنر سیکھ لیا تھا، اور مداحوں نے ہمیشہ بے پناہ محبت سے نوازا۔
انہوں نے کہا کہ انسان کامیابی کے پیچھے بھاگتے ہوئے کئی ہدف طے کرتا ہے، مگر جب سب پورے ہو جاتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ اصل ضرورت کہیں اور ہے۔
ان کے مطابق ایک مرحلے پر رک جانا ضروری ہے تاکہ انسان اپنی کمائی ہوئی خوشیوں کا لطف بھی لے سکے۔
Comments
0 comment