لارنس بشنوئی گروپ کی سلمان خان کو دھمکی، بڑا مطالبہ کردیا
Webdesk
|
18 Oct 2024
ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کو لارنس بشنوئی گروپ کی جانب سے ایک اور دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے جس میں بشنوئی گروپ سے دشمنی ختم کرنے کیلیے پانچ کروڑ روپے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ پیغام میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو سلمان خان کا حشر مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی سے بھی بدتر ہوگا۔
حالیہ تازہ دھمکی ممبئی ٹریفک پولیس کو ایک واٹس ایپ پیغام کے ذریعے بھیجی گئی ہے۔اداکار کو اس سے قبل بھی بشنوئی گروپ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔
دھمکیوں میں مزید کہا گیا کہ اسے ہلکا نہ لیں۔ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور لارنس بشنوئی کے ساتھ دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انھیں پانچ کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبئی پولیس اس پیغام کی اصلیت کا پتہ لگانے کیلیے کام کررہی ہے اور سلمان خان کی باندرہ رہائش گاہ کے اردگرد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
Comments
0 comment