6 hours ago
معروف اداکار اغوا، ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ
ویب ڈیسک
|
12 Dec 2024
فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و کامیڈین کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے معروف اداکار اور کامیڈین مشتاق خان کو حال ہی میں اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکار کو 12 گھنٹوں تک نامعلوم افراد نے یرغمال بنا کر رکھا اور اس دوران ان پر شدید تشدد کیا گیا جبکہ ان سے 1 کروڑ روپے تاوان بھی طلب کیا گیا۔
پولیس نے اداکار کی شکایت پر واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردیں۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 20 نومبر کو اتر پردیش میں پیش آیا اور انہیں راہو سینی نامی شخص نے میرٹھ میں ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
مشتاق خان نے معمول کے مطابق دعوت کو قبل کیا اور روانہ ہوگئے جبکہ ملزم نے انہیں روانگی سے قبل اعتماد بڑھانے کیلیے 25 ہزار روپے آن لائن ٹرانفسر کیے اور باقی رقم بعد میں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
20 نومبر کو دہلی پہنچنے پر مشتاق خان راہول سینی کی طرف سے بھیجی گئی ٹیکسی میں سوار ہوئے، جس میں ڈرائیور کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا۔ کچھ دیر بعد گاڑی روک کر انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کر دیا گیا۔ اس گاڑی میں مزید چار افراد سوار تھے۔
مشتاق خان نے صورتحال بھانپ کر شور مچایا تو ان کے چہرے پر چادر ڈال کر سر جھکانے پر مجبور کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق تین سے چار گھنٹے بعد انہیں ایک مکان میں لے جایا گیا، جہاں اغواکاروں نے ان پر تشدد کیا اور ان کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے نکلوائے اور ان سے رہائی کے عوض مزید 1 کروڑ کا تاوان طلب کیا۔
اغواکاروں نے رقم منتقل کرنے کے بعد شراب نوشی کی اور صبح کے وقت مکان سے چلے گئے، جس کا فائدہ اٹھا کر مشتاق خان فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے قریب ہی ایک مسجد نظر آئی جہاں پہنچ کر انہوں نے امام کی مدد سے اپنے خاندان سے رابطہ کیا۔
Comments
0 comment