مناسب ویڈیو لیک کرنے پر متھیرا کی چاہت فتح علی خان پر تنقید
ویب ڈیسک
|
27 Jan 2025
مشہور میزبان اور ماڈل متھیرا نے کامیڈین و گلوکار چاہت فتح علی خان کی جانب سے ایک نامناسب ویڈیو شیئر کیے جانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
متھیرا نے بتایا کہ بار بار درخواست کرنے کے باوجود چاہت فتح علی خان نے یہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ نہین کی۔
چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں متھیرا کے شو میں بطور مہمان شرکت کی۔ شو کے بعد، چاہت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جو فوراً وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کو متھیرا سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے متھیرا واضح طور پر غیر آرام دہ نظر آئیں اور خود کو دور رکھنے کی کوشش کرتی رہیں۔
اپنے شو میں اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ یہ ویڈیو ایک مختلف زاویے سے ریکارڈ کی گئی اور ان کی اجازت کے بغیر شیئر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ "جب کوئی مہمان میرے شو پر آتا ہے، تو میں انہیں عزت، محبت اور نرمی سے پیش آتی ہوں۔ لیکن اس طرح ویڈیو بنانا ناقابل قبول ہے۔ بولڈ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی بھی آپ کی ذاتی حدود میں مداخلت کرے یا آپ کو گلے لگانے کا حق رکھتا ہو۔"
ویڈیو خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی
متھیرا نے مزید وضاحت کی کہ "میں اس وقت بہت غیر آرام دہ محسوس کر رہی تھی۔ یہ ویڈیو ہمارے شو کے کیمروں سے ریکارڈ نہیں کی گئی تھی بلکہ چاہت فتح نے بغیر اجازت کے خفیہ طور پر فلمائی۔ نہ مجھے اور نہ ہی میری ٹیم کو معلوم تھا کہ یہ ویڈیو بن رہی ہے۔ شو کے کیمرے کسی اور زاویے پر ہوتے ہیں، لیکن یہ ویڈیو مکمل طور پر مختلف زاویے سے ریکارڈ کی گئی، جو کہ ممنوع ہے۔"
ذاتی حدود کا احترام نہ کرنے پر افسوس
متھیرا نے اس واقعے کو ایک خاتون کے طور پر ان کے لیے تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ "میں عام طور پر لوگوں سے گلے نہیں ملتی۔"
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کی درخواست کے باوجود چاہت فتح علی خان نے نہ تو ویڈیو ہٹائی اور نہ ہی معافی مانگی۔
متھیرا نے کہا کہ "یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ میں سیٹ چھوڑنے کے لیے تیار تھی اور میری گاڑی باہر کھڑی تھی جب یہ ویڈیو فلمائی گئی۔ اس کے بعد، میں فوراً سیٹ چھوڑ کر چلی گئی۔"
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا ہے، جہاں صارفین متھیرا کی حمایت کرتے ہوئے ذاتی حدود کا احترام کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
Comments
0 comment