1 hour ago
ایران جنگ کی رپورٹنگ پر پینٹاگون برہم، فوجی اخبار کے ایڈیٹر ، پبلشر اور رپورٹر کو برطرف کر دیا
Webdesk
|
23 Aug 2026
واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے فوجی اخبار اسٹارز اینڈ اسٹرائپس کے ایڈیٹر ان چیف ایرک سلاون، پبلشر میکس لیڈرر اور مشرق وسطی کی رپورٹر لارا کورٹے کو برطرف کر دیا ہے۔
تینوں کو برطرفی کے نوٹس میں نافرمانی کو وجہ قرار دیا گیا، انہیں فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے پانچ دن کی مہلت بھی دی گئی ہے۔
برطرفیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اخبار کی انتظامیہ اور صحافتی عملے نے ادارتی پالیسی میں پینٹاگون کی ممکنہ مداخلت اور سنسرشپ کے خلاف کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ایڈیٹر ان چیف ایرک سلاون کے مطابق انہیں ایک انٹرویو میں یہ مقف اختیار کرنے پر نافرمانی کا مرتکب قرار دیا گیا کہ فوجیوں کے لیے خبروں پر کسی بھی قسم کی فرضی یا ممکنہ سنسرشپ ناقابل قبول ہو گی۔سلاون نے کہا کہ اسٹارز اینڈ اسٹرائپس کو قانون اور محکمہ دفاع کی اپنی پالیسیوں کے مطابق ادارتی طور پر آزاد رہنا چاہیے۔
مشرق وسطی کی رپورٹر لارا کورٹے نے بھی واضح کیا کہ وہ پینٹاگون یا کسی حکومتی شخصیت کی نہیں بلکہ اسٹارز اینڈ اسٹرائپس اور اس کے قارئین کی نمائندہ صحافی ہیں۔
میں امریکی خانہ جنگی کے دوران قائم ہونے والا اسٹارز اینڈ اسٹرائپس امریکی فوجیوں کے لیے ایک اہم خبر رساں ادارہ ہے۔ اگرچہ اسے پینٹاگون سے جزوی مالی معاونت حاصل ہے، تاہم اسے طویل عرصے سے ادارتی آزادی حاصل رہی ہے۔
حالیہ مہینوں میں پینٹاگون کی جانب سے اخبار کے کردار اور ادارتی پالیسی پر دبا کے باعث یہ آزادی ایک اہم تنازع بن گئی ہے۔پبلشر میکس لیڈرر نے برطرفی سے چند روز قبل ستمبر کے آخر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق وہ پینٹاگون کی جانب سے اخبار میں ایک نئے ڈپٹی پبلشر کی تعیناتی سمیت بعض فیصلوں پر اختلاف رکھتے تھے۔
اسٹارز اینڈ اسٹرائپس نے حالیہ عرصے میں امریکی فوج کو درپیش مختلف مسائل پر رپورٹس شائع کی تھیں، جن میں ایران کے خلاف جنگ کے دوران فوجیوں کے مسائل، کمزور مورال، اسلحے کی قلت اور طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر طویل تعیناتی کے دوران اہلکاروں کو درپیش مشکلات شامل ہیں۔
اخبار کی ان رپورٹس نے پینٹاگون کی قیادت کے ساتھ پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید نمایاں کیا۔امریکی صحافتی تنظیموں نے بھی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نیشنل پریس کلب کے صدر مارک شوف جونیئر نے سلاون کی برطرفی کو پینٹاگون کی جانب سے فوج سے متعلق کوریج کو کنٹرول کرنے کی تشویشناک کوشش قرار دیتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
Comments
0 comment