نصیبو لال پر شوہر کا تشدد، منہ پر اینٹ مار دی

ویب ڈیسک
|
15 Mar 2025
لاہور: پاکستان کی معروف فولک گلوکارہ نصیبو لال پر ان کے شوہر کے مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ لاہور کے شاہدرہ ٹاؤن میں پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نصیبو لال نے پولیس میں درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے صحن میں بیٹھی تھیں کہ اچانک ان کے شوہر نے بدزبانی کی اور قریب پڑی اینٹ اٹھا کر ان کے سر پر مار دی، جس سے ان کے چہرے اور ناک پر شدید چوٹیں آئیں۔ انہوں نے ایف آئی آر میں مزید کہا کہ ان کا شوہر اکثر لڑائی جھگڑا کرتا ہے، لیکن اس بار اس نے اینٹ مار کر اور گالی گلوچ کر کے ان پر تشدد کیا، جو ان کے لیے ناقابل برداشت تھا۔
نصیبو لال نے قانونی کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کے خلاف مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ پولیس کے مطابق، مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
نصیبو لال پاکستان کی مشہور فولک گلوکارہ ہیں، جو اردو، پنجابی، سرائیکی اور مارواڑی زبانوں میں گانے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے آٹھویں ایڈیشن کا ترانہ بھی گایا تھا، جو ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Comments
0 comment