7 hours ago
بھارت نے بدترین شکست کا آئینہ دکھانے پر چینی اور ترک میڈیا پر پابندی لگا دی

ویب ڈیسک
|
14 May 2025
بھارتی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر شرمندگی سے بچنے کے لیے اپنی ڈیجیٹل سنسرشپ کے اقدامات کو مزید وسعت دیتے ہوئے چینی سرکاری میڈیا اداروں گلوبل ٹائمز اور شینہوا نیوز ایجنسی کے ساتھ ساتھ ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کو بلاک کر دیا۔
حکام نے اس اقدام کی توجیہ کرتے ہوئے ان میڈیا ہاؤسز پر "غلط معلومات" اور "پاکستانی پراپیگنڈا" پھیلانے کا الزام لگایا ہے، خاص طور پر ان رپورٹس کے حوالے سے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی فوج نے حالیہ جھڑپوں کے دوران بھارتی رافیل جنگی طیارے گرائے تھے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ گلوبل ٹائمز اور شینہوا چینی کمیونسٹ پارٹی سے وابستہ ہیں اور انہوں نے بھارت کی فوجی نقصانات کے بارے میں "جعلی معلومات" پھیلائی ہیں۔
اس سے قبل، بھارت کے بیجنگ سفارت خانے نے باضابطہ طور پر گلوبل ٹائمز پر غلط خبریں شائع کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے صحافتی اخلاقیات کی پابندی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
سفارت خانے نے ایکس (ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: " گلوبل ٹائمز، ہم آپ کو مشورہ دیں گے کہ اس قسم کی غلط معلومات پھیلانے سے پہلے اپنے حقائق کی تصدیق کر لیں اور ذرائع کو پرکھ لیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "کئی پاکستان نواز اکاؤنٹس #آپریشن_سندور کے تناظر میں بے بنیاد دعوے پھیلا رہے ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔ جب میڈیا ادارے ذرائع کی تصدیق کیے بغیر ایسی معلومات شیئر کرتے ہیں تو یہ ذمہ داری اور صحافتی اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔"
دوسری جانب، جب پاکستان کے اتحادیوں نے بھارت کے ساتھ تنازعے کے دوران مضبوط حمایت کا اظہار کیا تو کئی بھارتی ٹریول بکنگ پلیٹ فارمز نے ترکی، چین اور آذربائیجان کے سفر کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
Comments
0 comment