190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشری بی بی کی ضمانت منظور
ویب ڈیسک
|
2 Jul 2024
احتساب عدالت نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں بشری بی بی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست منظور کرلی، نیب کے مزید 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل، عدالت نے مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو عدالت پیش کیا گیا۔
استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کے بیانات پر وکلاء صفائی نے جرح مکمل کرلی، احتساب عدالت نے بشری بی بی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست بھی منظور کرلی۔
ضمانت کی درخواست پر بشری بی بی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دئیے جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کی گرفتاری نیب کو مطلوب نہیں اور نہ ہی چئیرمین نیب نے بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں، جب وارنٹ گرفتاری ہی جاری نہ ہوں تو ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست غیر موثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 ماہ قبل بھی نیب کا موقف یہی تھا کہ بشری بی بی کی 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں گرفتاری نہیں چاہئیے، دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد نیب عدالت نے درخواست ضمانت منظور کی، دوسری جانب ریفرنس سماعت میں استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کرتے ہوئے مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔
Comments
0 comment