190 ملین پاؤنڈز کیس، عمران خان کو ضمانت ملے گی یا نہیں؟ بڑی پیشرفت
ویب ڈیسک
|
14 May 2024
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کرپشن ریفرنس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے 190 ملین پاؤنڈ کی رقم حکومت پاکستان کو ملنی چاہیے تھی کیونکہ سپریم کورٹ نے اپنے آرڈر میں لکھا ہے کہ یہ ریاست پاکستان کا پیسہ ہے جبکہ عدالت عظمی سپریم کورٹ قرار دے چکی کہ یہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں غلط طور پر بھیجی گئی جو کہ بڑا فراڈ تھا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے کہا کہ اگر کیس اگر حتمی مرحلے میں ہو تو ضمانت کے بجائے ٹرائل کورٹ کو ہدایت دی جائے تاکہ کہ وہ کیس کا جلد فیصلہ کرے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے نیب پراسکیوٹر کے جواب پر دلائل میں کہا کہ شہزاد اکبر اگر کلیم کرتا ہے کہ وہ پیسہ لے کر آیا تو اس سے پوچھیں، اس کا سارا عمل بانی پی ٹی آئی کے کھاتے میں کیوں ڈالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے گواہ نے تسلیم کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے دستخط کہیں موجود نہیں اور کوئی رقم بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں نہیں گئی، جبکہ گواہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز سے کوئی ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ نیب نے کسی موقع پر اس گواہ کے بیان کو اپنے خلاف قرار نہیں دیا، نیب کے اپنے گواہ کے اس بیان کے بعد کیس میں کیا باقی رہ جاتا ہے۔ دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل سنایا جائے گا۔
Comments
0 comment