علیمہ خان کے بیٹے کو ماڈل ٹاؤن سے سادہ لباس اہلکاروں نے اغوا کرلیا، سلمان اکرم راجہ

علیمہ خان کے بیٹے کو ماڈل ٹاؤن سے سادہ لباس اہلکاروں نے اغوا کرلیا، سلمان اکرم راجہ

اگر شاہریز خان کو بازیاب نہ کیا گیا تو عوامی غیظ و غضب کا طوفان روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا، ترجمان
علیمہ خان کے بیٹے کو ماڈل ٹاؤن سے سادہ لباس اہلکاروں نے اغوا کرلیا، سلمان اکرم راجہ

Webdesk

|

21 Aug 2025

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں اُن کے گھر سے سادہ لباس نامعلوم افراد حراست میں لے کر ساتھ لے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نامعلوم افراد نے اہل خانہ اور ملازمین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کی مذمت

پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں بانی پی ٹی آئی  کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شاہریز خان کا اغوا اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

ترجمان نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹے کا اغواء اور حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک بزدلانہ حرکت ہے، مسلح افراد دروازے توڑ کر شاہریز خان کو بیڈ روم سے اغوا کر کے لے گئے، ملازمین پر بہیمانہ تشدد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہریز خان کے دو کم سن بچوں کے سامنے زبردستی کمرے میں گھس کر تشدد کیا گیا، یہ حکومتی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے، گزشتہ روز شاہریز خان کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر آف لوڈ کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق شاہریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، صرف عمران خان کی بہن کا بیٹا ہونے کے باعث نشانہ بنایا گیا، یہ سب کچھ مریم نواز اور ان کی فسطائی حکومت کے حکم پر ہو رہا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تم بانی پی ٹی آئی کو جھکا نہیں سکے، اب اس کی بہنوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہو؟ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہریز خان کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اگر شاہریز خان کو بازیاب نہ کیا گیا تو عوامی غیظ و غضب کا طوفان روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!