عمران خان کی رہائی کے لیے عوام کو نکلنا ہوگا، حلیم عادل شیخ
Webdesk
|
14 Jan 2026
کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے انصاف ہاس کراچی میں تفصیلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور سیاستدانوں کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے اور اگر کسی موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے میڈیا کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے تو پارٹی اس پر معذرت خواہ ہے، کیونکہ میڈیا معاشرے کا ایک اہم ستون ہے اور جمہوری جدوجہد میں اس کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے اپنا پیغام سندھ کے گلی محلوں تک پہنچانے کے لیے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کو ذمہ داری سونپی تھی، اسی مقصد کے تحت سہیل آفریدی سندھ آئے تاکہ عمران خان کا پیغام براہِ راست سندھ کی عوام تک پہنچایا جا سکے۔
حلیم عادل شیخ نے واضح کیا کہ اگر ملک میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں تو تمام طبقات کو گھروں سے نکلنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، خیبرپختونخوا کے وزرا، اراکین اسمبلی، جبکہ پنجاب اور بلوچستان سے بھی پارٹی قیادت اس دورے میں شامل تھی۔
حلیم عادل شیخ کے مطابق سندھ حکومت کے سینئر وزیر ناصر شاہ کی جانب سے رابطہ کیا گیا اور کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو مکمل پروٹوکول دیا جائے گا، جس پر پی ٹی آئی نے مشاورت کے بعد سندھ حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا، تاہم واضح کیا گیا کہ ہمیں کسی خصوصی پروٹوکول کی نہیں بلکہ آئینی اور جمہوری حق کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا جب اسلام آباد سے روانہ ہوئے تو ان کی فلائٹ دانستہ طور پر تاخیر کا شکار کی گئی، جس کے باعث وہ صبح کے بجائے دوپہر دو بجے کراچی پہنچے۔
اس کے باوجود سندھ حکومت کے ایک وزیر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی، اور ایئرپورٹ سے نکلتے وقت کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اجرک اور سندھی ٹوپی سندھ کی شان ہیں، اگر کسی فرد نے انفرادی طور پر کوئی نامناسب عمل کیا تو پارٹی سطح پر اس کی سرزنش کی گئی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے جلسے کے این او سی سے متعلق تمام تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے باغ جناح میں جلسے کے لیے باقاعدہ درخواست دی، سات جنوری کو پچیس لاکھ روپے فیس بھی جمع کرائی گئی، سات جنوری کی رات ناصر شاہ نے ٹی وی پر جلسے کی اجازت دینے کا اعلان کیا اور کہا گیا کہ انتظامات شروع کر دیں۔
Comments
0 comment