عمران خان کی صحت کا معاملہ، بیٹوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کردی

عمران خان کی صحت کا معاملہ، بیٹوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کردی

عمران خان کی صحت خراب ہونے کے باوجود حکومت ویزے جاری نہیں کررہی، قاسم سلیمان
عمران خان کی صحت کا معاملہ، بیٹوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کردی

ویب ڈیسک

|

12 Feb 2026

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کے بعد اہم بیان جاری کردیا۔

قاسم اور سلیمان کا بیان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں بانی کے بیٹوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی شدید متاثر ہو چکی ہے اور اب صرف پندرہ فیصد رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال طویل عرصے سے قید تنہائی، طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور مناسب علاج سے محرومی کا نتیجہ ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان گزشتہ 922 دنوں سے قید تنہائی میں ہیں، اس دوران انہیں بنیادی طبی معائنے، بشمول بلڈ ٹیسٹس، تک کی اجازت نہیں دی گئی جس کے باعث ان کی صحت مسلسل بگڑتی چلی گئی۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ تمام صورتحال ریاستی حکام کی نگرانی اور فیصلوں کے تحت پیش آئی، جبکہ انصاف کے نظام کو استعمال کر کے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا۔

قاسم اور سلیمان نے کہا کہ عمران خان کو پہنچنے والے کسی بھی قسم کے جسمانی نقصان کی مکمل ذمہ داری موجودہ حکمرانوں اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت بگڑنے کے باوجود ان کے بیٹوں کو پاکستان آنے اور والد سے ملاقات کے لیے تاحال ویزے جاری نہیں کیے جا رہے، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ تاریخ میں ایک سنگین ناانصافی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔  بیٹوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، قانونی اداروں اور جمہوری ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں، جاری مبینہ مظالم کو روکنے کے لیے کردار ادا کریں اور ذمہ داران کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!