عمران خان کی اسپتال منتقلی کیخلاف حکومت نے دوسری درخواست دائر کردی

عمران خان کی اسپتال منتقلی کیخلاف حکومت نے دوسری درخواست دائر کردی

رانا ثنا اللہ کے مطابق درخواست کا مقصد فیصلے کی وضاحت ہے کہ انکا کن پر اطلاق ہوگا
عمران خان کی اسپتال منتقلی کیخلاف حکومت نے دوسری درخواست دائر کردی

ویب ڈیسک

|

20 Aug 2026

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے فی الحال کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی۔ حکومت نے نظرثانی درخواست دائر کردی ہے اور امید ہے کہ عدالت اس پر آج یا کل فیصلہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئین اور قانون کی پابند ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کرنا اس کی ذمہ داری ہے، تاہم حکومت سمجھتی ہے کہ اس فیصلے کے فوجداری نظام پر دور رس اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک قیدی کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تو مستقبل میں دیگر قیدی بھی اسی بنیاد پر ایسی درخواستیں دائر کرسکتے ہیں، جس سے ماتحت عدالتوں کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جیل سے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور بعد میں میڈیکل بورڈ کی سفارش پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی گئی۔

حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات

دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر بات چیت کی پیشکش کی ہے۔

ان کے مطابق اپوزیشن رہنما بیرسٹر گوہر بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے خود بھی اپوزیشن کو بات چیت کے لیے وقت طے کرنے کی پیشکش کی ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے اور حکومت اپوزیشن سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!