بجلی لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک نے عدالت سے مہلت مانگ لی
ویب ڈیسک
|
5 Jul 2024
سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بندش کیخلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ اور کے الیکٹرک کے وکیل عابد زبیری سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوئے۔
حکم نامے کے مطابق کے الیکٹرک کے وکیل نے درخواست کی کاپی طلب کی ہے جبکہ ہیٹ ویو کے دوران کئے گئے ایکشن پلان اور ادا کی گئی سماجی ذمہ داری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی گئی ہے۔ عدالت نے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے دائر درخواست کی پیروی کرنے والے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداوار اور ٹرانسمیشن لائنز کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ گرمی میں صارفین کو بار بار لوڈشیڈنگ اور طویل غیر اعلانیہ بریک ڈاؤن کا سامنا ہے۔ حالیہ ہیٹ ویو میں بڑی تعداد میں شہریوں کی زندگیوں کا نقصان ہوا ہے جس کی ایک وجہ بجلی کی عدم فراہمی بھی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے باوجود کے الیکٹرک نے انفراسٹرکچر کو مکمل آپریشنل رکھنے کے لئے کوئی غیر معمولی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
Comments
0 comment