بجٹ 2025، پنشن میں اضافہ مگر قوانین مزید سخط، فیملی پنشن دس سال ملے گی!

Webdesk
|
10 Jun 2025
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجٹ میں شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کردی ۔
منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ پچھلی کچھ دہائیوں میں پنشن اسکیم میں ایگزیکٹو آڈرز کے ذریعے تبدیلیاں کی گئیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھا، پنشن اسکیم کو درست کرنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے حکومت نے پنشن اسکیم میں اصلاحات کی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن اسکیم میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی اور پنشن میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کی گئی ہے جبکہ ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے فرق کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’جو لوگ اپنے گوشوارے اور اپنی ویلتھ سٹیٹمنٹ جمع کروائیں گے، صرف وہی بڑے مالیاتی لین دین کر سکیں گے۔ جن میں گاڑیوں اور غیر منقولہ جائیداد کی خریداری، سیکورٹیز اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری اور بعض بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت جیسی چیزیں شامل ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ ’غیر رجسٹرڈ کاروباروں کے خلاف سخت سزاؤں کو مزید بڑھانے کی تجویز ہے۔ ان میں بینک اکاؤنٹس کا منجمد کرنا، جائیداد کی منتقلی پر پابندی اور سنگین جرائم میں کاروباری جگہ کو سیل کرنا اور سامان کو ضبط کرنا شامل ہے۔‘
وفاقی وزیر خزانہ نے نئے مالی سال کے بجٹ میں کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے جس میں نان فائلرز پر نقد رقم نکالنے پر ٹیکس کی شرح اعشاریہ چھ فیصد سے ایک فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ’غیر دستاویزی نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔‘
وزیر خزانہ کے مطابق جہاں کوئی ٹیکس دہندہ کسی ایک سیل انوائس پر دو لاکھ سے زائد نقد رقم وصول کرے تو اس پر فروخت پر ہونے والے اخراجات کے پچاس فیصد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
Comments
0 comment