بقیہ صوبے بھی بجلی پر عوام کو ریلیف دیں سیاست نہ کریں، وزیراعظم شہباز شریف
Webdesk
|
20 Aug 2024
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو سیاست کرنے کے بجائے بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے پنجاب حکومت کے طریقہ کار پر عمل کرنا چاہئے، یہ عوام کا حق ہے۔ وفاقی حکومت کا اس ریلیف پیکیج میں کوئی حصہ نہیں، دوسرے صوبوں کو بھی ایسا کرنا چاہئے ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے ترقیاتی بجٹ میں سے 45 ارب روپے بجلی کے ان صارفین کو دو ماہ کی مدت کیلئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کے لیے خرچ کئے ہیں جو 200 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کر رہے ہیں۔
اگر خیبرپختونخوا حکومت عوام کو ایسا ریلیف دینا چاہتی ہے تو ہمیں خوشی ہوگی، سیاست سے گریز اور حقائق کو مسخ نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا اس پیکیج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کابینہ ارکان کو بتایا کہ این ایف سی کے تقریبا 60 فیصد فنڈز صوبوں کو دیئے گئے ہیں، وفاقی حکومت کو غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر قرضوں اور سود کی ادائیگی کی صورت میں بے پناہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو تین ماہ کا ریلیف فراہم کرنے کے لئے 50 ارب روپے بھی مختص کئے ہیں جو کہ کل گھریلو صارفین کا 86 فیصد بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ساتھ شراکت داری میں صوبے میں 70 ارب روپے کی لاگت سے 28 ہزار ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کئے جائیں گے جس میں سے 55 ارب روپے وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
پی ٹی آئی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے "غیر معقول" اقدام نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 11.5 فیصد ہو گئی ہے تاہم صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے ابھی مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
Comments
0 comment