بشری بی بی کی بیٹی نے والدہ سے ملاقات نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کر لیا
ویب ڈیسک
|
16 Jan 2026
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی بیٹی نے اپنی والدہ سے ملاقات کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مبشرہ خاور مانیکا نے یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک آصف احمد کے ذریعے دائر کی ہے، جس میں پنجاب حکومت، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور وہ ان کی حقیقی بیٹی ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ جیل قوانین کے مطابق انہیں اپنی والدہ سے ملاقات کا حق حاصل ہے۔
درخواست میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ جیل کے مقررہ شیڈول کے تحت منگل کے روز اہلِ خانہ کی ملاقات کا دن ہوتا ہے، تاہم متعدد کوششوں کے باوجود جیل انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر ملاقات کا انتظام کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ جیل قوانین کے مطابق حقِ ملاقات کو یقینی بنائے گی۔
Comments
0 comment