بیٹا نہ ہونے پر بیوی نے دوسری شادی کا مشورہ دیا مگر میں نے انکار کردیا، مروت
ویب ڈیسک
|
25 Apr 2024
عوام میں بہت کم عرصے میں شہرت پانے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے بچوں یا لڑکے کی پیدائش کیوجہ سے دوسری شادی کو پہلی بیوی کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔
کراچی دورے کے موقع پر شیر افضل مروت نے ایک یوٹیوبر کے ساتھ پوڈ کاسٹ کی جس میں انہوں نے پارٹٰی سیاست اور اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
شیر افضل مروت نے انکشاف کیا کہ ’شادی کے بعد بیٹا نہ ہونے کی وجہ سے بیوی نے ایک روز مجھے دوسری شادی کا مشورہ دیا، جس پر میں نے اُن سے سوچ کر جواب دینے کا وقت لیا’۔
انہوں نے پختون معاشرے کے حوالے سے کہا کہ ’ہمارے یہاں اولاد اور بالخصوص نرینہ اولاد کا رواج ہے مگر میں اس کو پسند نہیں کرتا، میں نے بیوی کو جواب میں انکار کیا اور کہاکہ میں اپنے بچوں کی خوشی کی خاطر تمھاری زندگی میں کوئی سوتن نہیں لاؤں گا‘۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ کے جیون ساتھی کے لیے اس سے بدتر کوئی چیز نہیں کہ آپ کی اولاد نہ ہونے کی وجہ سے دوسری خاتون سے شادی کرلیں جس کے بعد پہلی بیوی کی خوشیاں ختم ہوجاتی ہیں اور صرف وہ زندگی جیتی ہے۔
شیر افضل مروت نے تن تنہا ڈپریشن سے لڑنے کا اپنا تجربہ شیئر کیا، ایک ایسے دور کو بیان کیا جب ان کے لیے مسکرانا بہت مشکل ہوگیا تھا تاہم نادر علی کے پرینک سے انہیں ایک بار پھر جینے کی امنگ ملی اور وہ ڈپریشن سے باہر آگئے۔
Comments
0 comment