ذاکر نائیک نے پاکستانیوں سے معذرت کرلی
Webdesk
|
11 Oct 2024
اسلام آباد: سرکاری دورے پر پاکستان آئے معروف مبلغ و اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق اسلامی اسکالر نے کراچی میں ایک تقریب میں خطاب کے دوران پی آئی اے سے متعلق اپنی بات پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حق کی بات کی تھی لیکن وہ اس کے باوجود پاکستانیوں سے معافی کے طلب گار ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر کا کہنا تھا کہ انہیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وہ پی آئی اے کے واقعے کو بھول جائیں، جس پر انہوں نے سوچا کہ انہوں نے مذکورہ واقعے پر کیا کہا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ پی آئی اے کے واقعے کو بھلا چکے تھے لیکن پھر انہیں یاد آیا اور اب وہ پاکستانیوں سے معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی مذکورہ معاملے پر بہت ساری باتیں کی جا رہی ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کی بات کی وجہ سے پاکستان اور ہندوستان کے لوگوں میں نفرت بڑھے۔
ان کے مطابق انگریزوں نے پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کے درمیان نفرتیں بڑھا دی تھیں لیکن ان کی خواہش ایسی نہیں، اس لیے وہ پی آئی اے سے متعلق کہی گئی اپنی بات پر پاکستانیوں سے معافی کے طلب گار ہیں۔
خیال رہے کہ ذاکر نائیک نے چند دن قبل ہی کراچی میں ایک تقریب کے دوران بتایا تھا کہ اکتوبر کے آغاز میں جب وہ حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آ رہے تھے تو پی آئی اے انتظامیہ نے ان سے ان کے سامان کے پیسے وصول کیے۔
Comments
0 comment