فلسطینیوں کی مدد فرض ہوگئی ہے، مفتی تقی عثمانی

ویب ڈیسک
|
10 Apr 2025
اسلام آباد: مفتی اعظم پاکستان تقی عثمانی نے فلسطین کی مدد کو امت مسلمہ پر فرض قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ قومی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اہل فلسطین کی عملی، جانی اور مالی مدد کرنا امت مسلمہ پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ "تقاضا یہ تھا کہ ہم یہاں جمع ہونے کی بجائے غزہ میں جمع ہوتے، لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ہم فلسطینی مجاہدین کے لیے عملی طور پر کچھ نہیں کر پا رہے۔"
انہوں نے اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "فلسطین میں معاہدہ کے باوجود بمباری جاری ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل نہ تو اخلاقی اقدار کا پاس کرتا ہے اور نہ ہی عالمی قوانین کی پرواہ کرتا ہے۔"
مفتی تقی عثمانی نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ قراردادوں اور کانفرنسوں تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ "امت مسلمہ کو قبلہ اول کی حفاظت کے لیے لڑنے والے مجاہدین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے، اور ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ امت مسلمہ جہاد کا اعلان کرتی۔"
ان کے بیان نے کانفرنس میں شریک شرکاء کو فلسطین کے لیے مزید عملی اقدامات اٹھانے پر غور کرنے پر آمادہ کیا۔
Comments
0 comment