آفاق احمد کو ٹریفک حادثات پر میئر کراچی، وزیر بلدیات کے خلاف مقدمات درج کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
13 Mar 2025
مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں ہیوی ٹریفک سے متعلق سنگین حادثات کے سلسلے میں وزیر بلدیات، میئر کراچی اور واٹر کارپوریشن کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ شہر کے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے انہوں نے ہیوی ٹریفک کو دن کے اوقات میں شہر میں داخلے سے روکنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اس کے جواب میں ان پر دہشت گردی کے الزامات عائد کر کے مقدمات قائم کیے گئے۔
آفاق احمد نے کہا کہ شہر میں چھ گھنٹے کی اجازت کے باوجود 24 گھنٹے ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں، جبکہ درجنوں غیر قانونی ہائیڈرنٹس واٹر کارپوریشن کی خاموشی سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر بلدیات، واٹر کارپوریشن کے ایم ڈی اور میئر کراچی پر زور دیا کہ وہ غیر رجسٹرڈ ہائیڈرنٹس کو بند کرنے اور پانی کی غیر قانونی فراہمی روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہر میں 12 ہزار سے زائد ٹینکرز کام کر رہے ہیں، اور اگر وزیر ٹرانسپورٹ کے ایک حکم پر 42 لاکھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کی جا سکتی ہیں، تو ان 12 ہزار ٹینکرز کی فٹنس چیک کیوں نہیں کی جا سکتی؟
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی ٹریفک اور حادثات کی روک تھام کے لیے ٹینکرز کی فٹنس کا معائنہ لازمی ہونا چاہیے۔
آفاق احمد نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا بھی ذکر کیا، جس میں وفاقی حکومت کو 190 ملین پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم کراچی کی زمینوں کی فروخت سے حاصل ہوئی تھی، لہٰذا اسے کراچی کی ترقی اور جامعات کے قیام کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر وفاق سندھ حکومت کو یہ رقم دینا نہیں چاہتا، تو اسے کراچی میں تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے۔
بانی ایم کیو ایم سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ 22 اگست کو بانی ایم کیو ایم نے جو نعرہ لگایا تھا، اس کے بعد وہ کسی بھی طرح کی اسٹیبلشمنٹ یا دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ مصالحت کے قائل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کو ان کی جماعت کا قیام عمل میں آیا تھا، اور وہ اپنا یوم تاسیس پورے جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے۔
آفاق احمد نے کراچی کی ترقی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ وہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
Comments
0 comment