فیصل آباد میں عیسائی لڑکی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کلمہ پڑھ کر بخوشی مسلمان ہوگئی
ویب ڈیسک
|
29 Oct 2024
معروف مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔
معروف مبلغ ستمبر کے آخر میں اسلام آباد پہنچے جس کے بعد انہوں نے دس روزتک کراچی میں قیام کیا۔
کراچی میں قیام کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقاتیں کیں اور دو عوامی لیکچرز دیے جس میں عوام کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
اس کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک لاہور گئے جہاں انہوں نے دس روز گزارے اور اب وہ فیصل آباد میں ہیں۔
فیصل آباد میں 28 اکتوبر کو عوامی لیکچر کے دوران ایک مسیحی خاتون ثمرین نے بھرے مجمع میں اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس پر معروف مبلغ نے اُن سے سوال کیا کہ وہ اللہ کو ایک اور نبی ﷺ کو آخری پیغمبر مانتی ہیں۔ اسی کے ساتھ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے لڑکی سے سوال کیا کہ وہ حضرت عیسٰیؑ کو اللہ مانتی ہیں یا اُس کا پیغمبر مانتی ہیں جس پر لڑکی نے بتایا کہ وہ پیغمبر مانتی ہیں۔
پھر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سوال پوچھا کہ کیا لڑکی پر اسلام قبول کرنے کیلیے کوئی زور زبردستی ہے؟ وہ مکمل ہوش میں ہے اور کسی دباؤ کے بغیر اپنی خوشی سے اسلام قبول کررہی ہے۔
خاتون نے جواب دیا کہ وہ اپنی خوشی سے بغیر کسی زور زبردستی اور دباؤ میں بخوشی اسلام قبول کررہی ہیں پھر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے انہیں کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا۔
اس موقع پر پنڈال میں موجود ہزاروں لوگوں نے اللہ اکبر کی صدائیں بلند کیں جبکہ معروف مبلغ نے لڑکی کو قبول اسلام پر مبارک باد بھی پیش کی۔
Comments
0 comment