گلگت بلتستان الیکشنز، کس جماعت کے کتنے امیدوار میدان میں ہیں؟
ویب ڈیسک
|
6 Jun 2026
گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں، جہاں کل 24 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ انتخابی میدان میں مجموعی طور پر 403 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں، جبکہ مختلف حلقوں میں بڑے سیاسی اتحادوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
انتخابی منظرنامے میں پاکستان پیپلز پارٹی 23 امیدواروں کے ساتھ سب سے زیادہ نشستوں پر موجود ہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 22 امیدوار میدان میں ہیں۔
اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، مجلس وحدت مسلمین، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد بھی اس بار انتخابی عمل کا اہم حصہ بنی ہوئی ہے۔
الیکشن میں تقریباً 9 لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
دوسری جانب انتخابی عمل سے قبل گلگت شہر میں انٹرنیٹ سروس کی بندش نے شہریوں اور سیاسی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ موبائل انٹرنیٹ، فائبر اور وائی فائی سروسز متاثر ہونے سے عوام کو رابطوں اور معلومات کے تبادلے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اگرچہ حکومتی سطح پر انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم مختلف سیاسی رہنماؤں اور مقامی شہریوں کا خیال ہے کہ یہ اقدام انتخابی سیکیورٹی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے یہ انتخابات نہ صرف نئی سیاسی صف بندی کا تعین کریں گے بلکہ آنے والے عرصے میں خطے کی سیاسی سمت کے لیے بھی اہم سمجھے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment