غلطی سے بھارت جانیوالا نوجوان سالوں قید کاٹ کر پاکستان وطن واپس پہنچ گیا
Webdesk
|
12 Mar 2024
بھارتی سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی جانب سے دھوکا دہی کے نتیجے میں گرفتار ہونے والا نوجوان سالوں بھارت کی جیل میں قید کاٹ کر پاکستان واپس پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت سے واپس آنے والے 31 سالہ نوجوان شمعون کا تعلق سندھ کے ضلع تھرپار کر سے ہے جسے منگل کے روز بی ایس ایف حکام نے واہگہ بارڈر کے مقام پر پاکستانی فورسز کے حوالے کیا۔
ذرائع کے مطابق شمعون غلطی سے بھارتی سرحد عبور کرگیا تھا جس پر بھارتی بارڈرسیکیورٹی فورس نے اسے حراست میں لے لیا تھا۔
شمعون کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف نے اسے دھوکے سے گرفتار کیا تھا، وہ بھارتی سرحد کے اندر واقع ایک مندر میں پوجا کرنا چاہ رہا تھا، جس پر اُس نے اجازت بھی لی مگر پھر اُسے بی ایس ایف نے حراست میں لے لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان شمعون کا تعلق سندھ کے علاقہ تھرپارکر سے ہے، شمعون شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ ہے۔ اس کی بیوی، دوبیٹے اوربیٹی 6 سال سے اس کی راہ دیکھ رہے تھے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی کی کوشش سے شمعون کو رہائی نصیب ہوئی اور وہ واپس اپنے پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے سن 2019 میں شمعون کو قونصلر رسائی ملنے کے بعد جے پور جیل میں اُس سے ملاقات کی جس کے بعد شہریت کی تصدیق ہوئی اور پھر رہائی کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔
Comments
0 comment