حج آپریشن: 34 ہزار سے زائد حجاج پاکستان واپس پہنچ گئے

حج آپریشن: 34 ہزار سے زائد حجاج پاکستان واپس پہنچ گئے

اس وقت بھی 84 ہزار 791 پاکستانی حجاج سعودی عرب میں موجود ہیں
حج آپریشن: 34 ہزار سے زائد حجاج پاکستان واپس پہنچ گئے

Webdesk

|

7 Jun 2026

اسلام آباد: سعودی عرب میں حج کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی عازمین کی وطن واپسی کا مرحلہ خوش اسلوبی سے جاری ہے. اس دوران 34 ہزار سے زائد حجاج کامیابی کے ساتھ پاکستان واپس پہنچ گئے۔

وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اگرچہ ہزاروں زائرین اپنے گھروں کو لوٹ آئے ہیں.تاہم اس وقت بھی 84 ہزار 791 پاکستانی حجاج سعودی عرب میں موجود ہیں، جنہیں مرحلہ وار مختلف پروازوں کے ذریعے وطن منتقل کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ حج کی سالانہ عبادت مکمل ہونے کے بعد پاکستان نے گزشتہ ماہ بعد از حج فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا تھا۔ اس آپریشن کے تحت جدہ اور مدینہ منورہ سے پاکستانی حجاج کو ملک کے مختلف شہروں تک مسلسل پہنچایا جا رہا ہے۔

 وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حجاج کرام کی سہولت اور خدمت کے لیے تعینات تقریبا 250 حج سپورٹ اسٹاف، جنہیں خدام الحجاج بھی کہا جاتا ہے، اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد واپس پاکستان آ چکے ہیں۔

وزارت نے مزید وضاحت کی کہ ہوائی اڈوں پر غیر ضروری رش اور انتظامی مشکلات سے بچنے کے لیے حجاج کی رہائش گاہوں پر ہی سٹی چیک اِن کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

اس نظام کے تحت پرواز سے 24 سے 48 گھنٹے قبل ہی ان کے سامان کی چیک اِن مکمل کر لی جاتی ہے.جس سے ایئرپورٹ پر انتظار کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔

بیان کے مطابق بعد از حج آپریشن کے دوران اب تک 15 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقدس مقام ریاض الجنہ کی زیارت کی سعادت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حجاج کی وطن واپسی کے لیے جاری فلائٹ آپریشن 30 جون تک بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!