حکومت نے اخراجات کم کرنے کیلیے صرف ایک محکمے سے 17 ہزار سے زائد ملازمتیں ختم کردیں
ویب ڈیسک
|
28 Jan 2025
حکومت نے اخراجات کم کرنے کے لیے 17 ہزار سے زائد سرکاری ملازمتیں ختم کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کیلئے رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت وزارت ریلوے سے 17 ہزار 101 پوسٹیں ختم کردی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویڑنز میں رائٹ سائزنگ میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29 وزارتوں اور آئینی ادارے نے 11 ہزار 877 پوسٹوں کی منسوخی کی تصدیق کردی ہے جبکہ 4 ہزار 660 ڈائنگ پوسٹوں کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔ اس دوران اجلاس وزارت ریلوے کے حکام نے اپنے رائٹ سائزنگ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور بریفنگ دی کہ وزارت میں موجود 95 ہزار 859 پوسٹوں میں سے 17 ہزار 101 پوسٹیں ختم کی جاچکی ہیں جبکہ مزید 5 ہزار 695 پوسٹوں کے خاتمے کا عمل جاری ہے۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ مستقبل میں مزید 15,000 پوسٹیں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
Comments
0 comment