حکومت پاکستان کا اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان

حکومت پاکستان کا اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان

حکومت اور ٹی ایل پی کے مذاکرات کامیاب
حکومت پاکستان کا اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان

ویب ڈیسک

|

19 Jul 2024

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے تحت حکومت نے اسرائیلی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کئی روز سے راولپنڈی کے فیض آباد پر بیٹھی سیاسی و مذہبی تنظیم ٹی ایل پی کے ساتھ حکومت کی کمیٹی نے مذاکرات کا دوسرا دور کیا جو کامیاب رہا اور پھر دونوں نے ملکر پریس کانفرنس کی۔

تحریک لبیک نے مذاکرات کی کامیابی اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا جبکہ حکومت نے فلسطینی مسلمانوں کے لیے مزید اقدامات سمیت اسرائیلی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

ٹی ایل پی سے مذاکرات میں مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک لبیک کی سینئر قیادت شریک تھی۔

مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ تحریک لبیک فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف احتجاج پر موجود ہے، حافظ سعد رضوی کے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد اور اسرائیل کی مذمت کے حوالے سے مطالبات تھے، حکومت فلسطین کے مسلمانوں کی مدد کے لئے اپنی کاوشیں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے اور اسے مزید بڑھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک بھی ان کوششوں میں اپنی معاونت فراہم کرے گی جبکہ حکومتی سطح پر 31 جولائی سے پہلے فلسطین کے لئے امداد کی کھیپ روانہ بھی کی جائے گی۔ ایک ہزار ٹن سے زائد خوراک اور دیگر امدادی سامان غزہ بھجوایا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے اسرائیل کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری جارحیت کے بعد اسرائیل دہشت گرد ملک کے طور پر سامنے آیا اور عالمی جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو دہشت گرد سمجھتے ہیں اور اقوام عالم سے مطالبہ ہے کہ وہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ مسلم امہ سمیت پوری دنیا کو فلسطین میں مظالم بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، اسرائیل سے متعلقہ مصنوعات اور پروڈکٹس اور اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ٹی ایل پی کے دوستوں کے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کو سراہتے ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!