جعفر ایکسپریس واقعہ، پی ٹی آئی کا خواجہ آصف اور محسن نقوی کو عوامی کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک
|
11 Mar 2025
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کو عوامی کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر کالعدم تنظیم کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹرین پر قبضہ اور مسافروں کو یرغمال بنانے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
پی ٹی آئی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے فوری طور پر حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنے اور شہریوں اور ٹرین کے عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے مسافروں کی فوری اور بحفاظت رہائی کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ نااہل اور ناقص ترجیحات کی حامل حکومتیں ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے محروم وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک کے حقیقی چیلنجز سے نمٹنے کی بجائے سیاسی انتقام اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مسندوں پر بیٹھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ انہوں نے وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کو عوامی کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نہتے معصوم شہریوں کو حکومت کی نااہلی کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے۔
شیخ وقاص اکرم نے یرغمال بنائے گئے شہریوں کی سلامتی اور بحفاظت واپسی کے لیے دعا کی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
Comments
0 comment