کراچی میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر سے جماعت اسلامی کی قیادت گرفتار

کراچی میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر سے جماعت اسلامی کی قیادت گرفتار

گرفتار ہونے والوں میں قائمقام امیر، رہن اسمبلی سمیت دیگر شامل ہیں
کراچی میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر سے جماعت اسلامی کی قیادت گرفتار

ویب ڈیسک

|

8 Feb 2026

کراچی میں جماعتِ اسلامی کی جانب سے صوبائی الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرنے کی کوشش پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کریک ڈاؤن کے دوران قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی کراچی مسلم پرویز، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت 8 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حراست میں لیے جانے کے وقت جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان نے نعرے بازی کی، جس کے بعد تمام افراد کو ڈیفنس تھانے منتقل کر دیا گیا۔

جماعتِ اسلامی کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پارٹی نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے عوامی پریس کانفرنس کا اعلان کیا تھا، تاہم پولیس نے نہ صرف پریس کانفرنس کی اجازت نہیں دی بلکہ وہاں لگایا گیا کیمپ بھی اکھاڑ دیا۔

ترجمان کے مطابق جب جماعتِ اسلامی کے رہنما اور کارکنان مقررہ مقام پر پہنچے تو پولیس نے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کر دیں اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ پریس کانفرنس شروع ہوتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رہنماؤں اور کارکنان کو موبائلوں اور جیل وین میں ڈال کر قریبی تھانے منتقل کر دیا۔

جماعتِ اسلامی کا الزام ہے کہ پولیس نے پریس کانفرنس کے لیے لگایا گیا ٹینٹ، اسپیکر اور جنریٹر بھی ضبط کر لیے۔ گرفتار افراد میں سابق ایم پی اے یونس بارائی، امرائے اضلاع سفیان دلاور اور مدثر حسین انصاری سمیت متعدد کارکنان شامل ہیں۔

دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے موقف اختیار کیا کہ ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے اور چار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے۔ ان کے مطابق جماعتِ اسلامی کے افراد خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے، اسی لیے قانون کے تحت کارروائی کی گئی۔

جماعتِ اسلامی کے ترجمان نے پولیس کارروائی کو ریاستی جبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گرفتاریوں کے باوجود جماعتِ اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور 14 فروری کو سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!