خیرپور میں بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم، ہلاکتیں
ویب ڈیسک
|
15 Feb 2026
خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب نیشنل ہائی وے پر مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوتا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس نے مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ ادھر سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے اور ریسکیو کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ نے یہ بھی کہا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے دوران سڑکیں کھلی رکھی جائیں اور اردگرد کے علاقوں میں بھی امدادی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
موٹر وے پولیس کے مطابق ٹریفک کی روانی بحال کرنے اور سڑک صاف کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
Comments
0 comment