لکی مروت، شدت پسندوں نے نماز ادائیگی کے مسجد آنے والے پاک فوج کے زیر تربیت کیڈٹ کو شہید کردیا
ویب ڈیسک
|
25 Oct 2024
فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے 25 اکتوبر کو مغرب کی نماز ادائیگی کیلیے مسجد آنے والے پاک فوج کے زیر تربیت کیڈٹ کو شہید کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اکتوبر کو خوارج کا نماز مغرب کے دوران ضلع لکی مروت میں مسجد پر حملہ ہوا جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے چھٹی پر گھر آئے زیر تربیت کیڈٹ عارف اللہ شہید ہوگئے۔
نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد میں موجود کیڈٹ عارف اللہ نے خوارج کی فائرنگ کا جواب دیا، انیس سالہ کیڈٹ نے خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیااورجان کا نذرانہ پیش کرکے باقی نمازیوں کی جانیں بچائیں۔
مسجد میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا بزدلانہ فعل ان خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے، کیڈٹ کا بہادرانہ عمل دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے فورسز کے جوانوں کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ شہید کا تعلق لکی مروت سے ہے اور وہ ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت تھے، شہادت کے وقت جی سی عارف اللہ چھٹیاں گزارنے اپنے گھر آئے تھے، جی سی عارف اللہ شہید نے سوگواران میں والدین ،4 بھائی اور 4 بہنیں چھوڑے ہیں۔
جی سی عارف اللہ شہیدکے بڑے بھائی بھی پاکستان آرمی میں دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے چکے ہیں اور وہ بھی فتنہ الخوارج سے لڑائی میں شہید ہوئے تھے۔
Comments
0 comment