الیکشن میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

الیکشن میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

حساس پولنگ اسٹیشنز میں ریپٹ ریسپانس فورس کی تعنیاتی کی بھی منظوری
الیکشن میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

ویب ڈیسک

|

23 Jan 2024

 وفاقی کابینہ نے عام انتخابات میں آرمی سول انتظامیہ کے دستوں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز میں ریپٹ ریسپانس فورس کی تعنیاتی کی منظوری دے دی اور ایف بی ار کی ریفارمز کے لئے کمیٹی قائم  کردی گئی۔

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس میں الیکشن کے دوران فوج سول انتظامیہ کی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ ایف بی آر کی تنظیم نو کے لیے وزیرِ خزانہ شمشاد اختر کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی کے ممبران میں وزیر انفارمشن ٹیکنالوجی اور نجکاری ممبر ہوں گے۔

نگران وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو  کی ری اسٹرکچرنگ اور ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے  پیش کی گئی تجاویز پر سیر حاصل بحث کی۔ وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے پیش کی گئی ان تجاویز کے حوالےسے  کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں نگران وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی ان تجاویز کے حوالے سے اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔ کابینہ نے ملک میں ٹیکس آمدن میں اضافے، ٹیکس جی ڈی پی تناسب میں بہتری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے پیش کی گئی مفصل تجاویز پر نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام ممبران نے  مشترکہ طور پر ان ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے ان تجاویز کی تائید کی اور اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ نگران حکومت  ایف بی آر اصلاحات کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے پاک فوج  اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی  تعیناتی کی منظوری دے دی۔ یہ دستے حساس حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز پر  فرائض سر انجام دیں گے اور ریپڈ رسپانس فورس کے طور پر بھی کام کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے  وزارت خزانہ کی سفارش پر طاہر حسین قریشی کی ایس ایم ایس بینک کے صدر کے طور پر مدت ملازمت میں تین ماہ یا ادارے کی باضابطہ بندش تک کی توسیع کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے  وزارت قومی صحت کی سفارش پر اسلام آباد ہیلتھ ریگیولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ میں میڈیکل کالجز کے نمائندے کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر انور علی شاہ، پرنسپل شفاء کالج آف ڈینٹسٹری، شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد اور پرائیویٹ ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ سیکٹر کے نمائندے کے لیے ڈاکٹر در شہوار فیصل کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پرشہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔  جس کے سربراہ وزیر قومی صحت ہوں گے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 09-01-2024کو منعقد  ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے  لیجسلیٹوکیسز کے09-01-2024اور17-01-2024  کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!