ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر جدید سیکیورٹی اسکینر نصب

ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر جدید سیکیورٹی اسکینر نصب

سیکیورٹی کو جدید بنانے کیلیے یہ فیصلہ کیا گیاہے
ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر جدید سیکیورٹی اسکینر نصب

ویب ڈیسک

|

8 Jan 2026

پاکستان کے اہم ہوائی اڈوں پر مسافروں اور سامان کی جانچ پڑتال کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی اپ گریڈیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ حکام نے جدید اسکیننگ مشینوں کی تنصیب کی منظوری دے دی ہے، جو مرحلہ وار بڑے ایئرپورٹس پر لگائی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے مشترکہ طور پر ہوائی اڈوں کا سروے مکمل کر لیا ہے، جس میں مشینوں کی تنصیب کے مقامات اور تکنیکی ضروریات کا تعین کیا گیا ہے۔

نئے سیکیورٹی سسٹم کا مقصد مسافروں اور ان کے سامان کی اسکریننگ کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نہ صرف بیگج چیکنگ کا وقت کم ہوگا بلکہ حفاظتی انتظامات بھی مزید مضبوط ہو جائیں گے۔ حکام کے مطابق اسکینرز کی تنصیب اور کمیشننگ کا عمل جاری ہے۔

سی اے اے، پی اے اے اور اے ایس ایف اس منصوبے پر مشترکہ نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تنصیب کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔ توقع ہے کہ اس اپ گریڈ سے اسکریننگ پوائنٹس پر لمبی قطاروں میں کمی آئے گی اور سامان کی جانچ زیادہ تیزی سے ممکن ہو سکے گی۔

یہ منصوبہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر نافذ کیا جا رہا ہے اور اس پر اربوں روپے کی لاگت متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید اسکیننگ نظام کے ذریعے فضائی سفر کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

مزید یہ کہ نئی مشینیں عالمی سول ایوی ایشن کے طے شدہ معیار کے مطابق نصب کی جا رہی ہیں، جس سے پاکستان کے ہوائی اڈے بین الاقوامی سیکیورٹی اور اسکریننگ معیار سے ہم آہنگ ہو جائیں گے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!